news
کم کارڈیشین ڈکیتی کیس کا حیران کن اختتام، عدالت کا نرم رویہ زیرِبحث
امریکی ٹی وی اسٹار اور ماڈل کم کارڈیشین سے ہونے والی عالمی شہرت یافتہ ڈکیتی کیس بالآخر نو سال بعد اپنے اختتام کو پہنچ گیا، لیکن عدالتی فیصلے نے سب کو حیران کر دیا۔ فرانس کی عدالت نے 23 مئی کو فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے کے باوجود تمام مجرموں کو نسبتاً نرم سزائیں دیں اور کسی کو بھی جیل بھیجنے کا حکم نہیں دیا۔ مرکزی ملزم کو 8 سال قید کی سزا سنائی گئی، جن میں سے پانچ سال معطل کردیے گئے، جبکہ وہ پہلے ہی تین سال قید کاٹ چکا ہے۔ اس پر بڑھاپے، کمزوری اور جسمانی مسائل کو بنیاد بنا کر نرمی برتی گئی۔
واردات میں شامل دیگر ملزمان کو بھی اسی طرح معافیاں یا معطل سزائیں دی گئیں، اور وہ تمام لوگ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد گھروں کو روانہ ہو گئے۔ مجموعی طور پر اس گروہ میں 10 افراد شامل تھے جن میں ایک خاتون بھی تھی، جبکہ صرف دو افراد کو ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر بری کیا گیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ گروہ کے زیادہ تر ارکان معمر اور بیمار تھے، جن میں ایک کینسر کا مریض بھی شامل ہے، جبکہ ایک نوجوان کو بھی نرم سزا دی گئی۔ کم کارڈیشین، جنہوں نے اس واقعے کو اپنی زندگی کا بدترین لمحہ قرار دیا تھا، عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا اور عدالت کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک ملین ڈالر مالیت کے زیورات، جن میں کم کی چار ملین ڈالر مالیت کی مشہور منگنی کی انگوٹھی بھی شامل ہے، آج تک بازیاب نہیں ہو سکے۔ عدالت کے نرم فیصلے پر کئی حلقے حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ اکتوبر 2016 میں پیش آیا تھا جب کم کارڈیشین پیرس فیشن ویک میں شرکت کے دوران اپنے ہوٹل میں ڈاکوؤں کے نشانے پر آئی تھیں۔