news
صدر رجب طیب اردوان کا پاکستانی عوام کے لیے محبت بھرا پیغام
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستانی عوام کے لیے محبت اور اخوت کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان یکجہتی اور بھائی چارے کو قائم رکھے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی پر خوشی محسوس کی۔ صدر اردوان نے بتایا کہ اس ملاقات میں معیشت، تجارت اور سلامتی سمیت کئی اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے میں مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے چار ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ کے دو روزہ دورے پر استنبول پہنچے، جہاں ترک صدارتی محل میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر اردوان سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، علاقائی امن و استحکام اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی غیر مشروط حمایت پر ترک صدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
دورے کے دوران دفاع، معیشت، سیاحت اور ثقافت جیسے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس دورے نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔