head lines

آئی ایم ایف کا پاکستان پر بجٹ میں ٹیکس اصلاحات پر زور

Published

on

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ٹیکس آمدن میں اضافہ، سبسڈیز میں کمی اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنائے۔ آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر کی قیادت میں وفد نے 19 مئی سے اسلام آباد کا دورہ کیا، جس میں پاکستانی حکام سے تعمیری بات چیت کی گئی۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان کے ساتھ بجٹ تجاویز، معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر بات چیت جاری ہے تاکہ جلد حتمی معاہدے تک پہنچا جا سکے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کا پرائمری سرپلس کا ہدف 1.6 فیصد مقرر کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ ملک مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کے درمیان لانے، زرمبادلہ ذخائر میں بہتری اور شرح مبادلہ میں لچک پیدا کرنے کے اقدامات کرے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی، اور معاشی پائیداری کے لیے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو مالی نظم و ضبط، سماجی تحفظ کے لیے اخراجات کے تحفظ، اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے عزم سے آگاہ کیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اگلا معاشی جائزہ 2025 کی دوسری ششماہی میں ہوگا، جس میں اب تک کی پیش رفت کا تجزیہ کیا جائے گا۔ ناتھن پورٹر کے مطابق پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے مربوط اصلاحات ناگزیر ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version