news
ڈی جی آئی ایس پی آر: خضدار حملہ فتنہ الہندوستان کا مکروہ چہرہ، بھارت ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خضدار میں اسکول بچوں پر ہونے والے حملے کو “فتنہ الہندوستان” کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ نہ صرف معصوم بچوں بلکہ پاکستان کی اقدار پر حملہ تھا۔ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے ثبوت پاکستان دنیا کے سامنے متعدد بار پیش کر چکا ہے، جن میں 2009 اور 2016 میں اقوام متحدہ کو دیے گئے ڈوزیئرز شامل ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارت 20 سال سے دہشتگردوں کو فنڈنگ اور اسلحہ فراہم کر کے پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ چلا رہا ہے، جس میں بچوں، مزدوروں، درزیوں، اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے 2024 اور 2025 کے مختلف حملوں کی مثالیں دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے، جس کی پشت پناہی بھارتی حکومت کر رہی ہے۔
کلبھوشن یادیو کے اعترافات اور متعدد گرفتار دہشتگردوں کی شہادتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت بلوچستان میں فرقہ وارانہ فسادات اور علیحدگی پسندی کو ہوا دے رہا ہے۔ احمد شریف چوہدری نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کا نہ بلوچ قوم سے تعلق ہے اور نہ اسلام سے، بلکہ یہ صرف ہندوستان کے مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے جعفر ایکسپریس پر حملے، مزدوروں کے قتل، اور معصوم بچوں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس فتنہ کو مسترد کریں، کیونکہ دہشتگردی کا بلوچستان یا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت جدید اور مہنگا اسلحہ ان گروہوں تک پہنچا رہا ہے، اور ہمیں پوچھنا ہوگا کہ یہ اسلحہ فراہم کون کر رہا ہے۔