news
پاکستان نے آئی ایم ایف کے معاشی اہداف مکمل کیے، اصلاحات پر مثبت پیشرفت کا اعتراف
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے ای ایف ایف پروگرام کے تحت اپنے تمام معاشی اہداف مکمل کر لیے ہیں اور متعدد اصلاحات میں مثبت پیشرفت کی ہے۔ آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن، جولی کوزیک نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ نے 9 مئی کو پاکستان کے ای ایف ایف پروگرام کی منظوری دی، جس کے بعد فنڈز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کر دیے گئے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ان فنڈز کو بجٹ سپورٹ کے طور پر استعمال نہیں کر سکتی۔
آئی ایم ایف بورڈ کے مطابق، پاکستان نے اصلاحاتی اقدامات میں بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے، جس کے باعث پروگرام کی منظوری دی گئی۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام ستمبر 2024 میں شروع ہوا تھا اور اس کا پہلا ریویو 2025 کی پہلی سہ ماہی میں شیڈول ہے۔ 25 مارچ 2025 کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ بھی طے پایا تھا۔ یہ اعتراف پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور ریفارمز پر اعتماد کا اظہار سمجھا جا رہا ہے۔