news
خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد حملے میں مزید دو طلباء شہید، تعداد 6 ہوگئی
خضدار میں سکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے مزید دو بچے، 13 سالہ حیدر اور 12 سالہ ملائکہ، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔ اس واقعے میں شہید بچوں کی تعداد اب 6 ہو چکی ہے، جن میں 5 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ بزدلانہ حملہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروپ “فتنہ الہندوستان” نے کیا۔
حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور زخمی بچوں کو کوئٹہ اور خضدار کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ شہید ہونے والے بچوں میں دو بہنوں کی نماز جنازہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی شرکت کے ساتھ ادا کی گئی۔ اسی حملے میں شہید ہونے والے سپاہی محمد اقبال خان کی نماز جنازہ بھی میانوالی میں فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی پراکسیوں کے ذریعے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، اور اس بزدلانہ حملے کا حساب ضرور لیا جائے گا۔