news

فیلڈ مارشل عاصم منیر: آپریشن بنیان مرصوص سیسہ پلائی دیوار کا ثبوت ہے

Published

on

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ “آپریشن بنیان مرصوص” کا نام بڑی سوچ بچار اور مشاورت کے بعد رکھا گیا، جس کا مطلب ہے سیسہ پلائی دیوار، اور الحمدللہ ہم نے یہی ثابت کیا کہ ہم دفاعِ وطن کے لیے مضبوط دیوار ہیں۔ ایوان صدر میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی جارحیت کے خلاف قوم کے بیانیے کو مضبوطی سے اجاگر کیا، اور جنگ کے دوران ایک مضبوط ستون کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “آپ نے دنیا کو سچ دکھایا اور ہمارے ساتھ مل کر یہ جنگ لڑی۔”

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دشمن کو ہمارے دفاع کی صلاحیت کا اندازہ ہوگیا، اور ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ ہماری سرزمین یا فضائی حدود میں داخل نہ ہو سکے۔ بلوچستان میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر لمحہ مکمل تیاری میں ہے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کو بے مثال عسکری قیادت اور قومی دفاع میں شاندار خدمات کے اعتراف کے طور پر “بیٹن آف فیلڈ مارشل” سے نوازا۔ ایوانِ صدر میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں اہم سیاسی و عسکری شخصیات، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، وفاقی کابینہ کے ارکان، غیر ملکی سفارتکار اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version