news

وزیراعظم شہباز شریف کا بیان: بھارت کو 1971 کی شکست کا جواب دے دیا گیا

Published

on

وزیراعظم شہباز شریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں پاکستان نے جو کارروائی کی، وہ 1971 کی شکست کا حساب چکانے جیسا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چار دن کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے مثالی جرات اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، اور دشمن کو ایسا سبق سکھایا کہ اب مودی سرکار پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو بار سوچے گی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ بھارت کے الزامات کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ شفافیت کی بات کی اور بین الاقوامی تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی، مگر بھارت نے جواب میں جنگ کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی رات، افواج پاکستان نے بھارت پر بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دشمن کے چھ جنگی جہاز تباہ کیے گئے اور الفتح میزائلوں نے بھارتی عسکری صلاحیت کو چیلنج کر دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس حملے کے بعد صبح سپہ سالار نے اطلاع دی کہ بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہو گیا ہے، جو ہماری عسکری کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تقریب کے دوران بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین کو مالی امداد کے چیکس دیے گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی بدولت پاکستان نے نہ صرف اپنی سرزمین کا دفاع کیا بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں فتح سے زیادہ اہم قوم کا اتحاد ہے، جو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے کھڑا رہا، اور یہی اتحاد معاشی ترقی کا ضامن ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version