news
آرمی چیف عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز، ایوان صدر میں تاریخی تقریب
اسلام آباد میں ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ’’فیلڈ مارشل‘‘ کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس خصوصی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ طور پر جنرل عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ پیش کیا۔ تقریب میں وفاقی کابینہ کے اراکین، سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز، اعلیٰ عسکری و سول افسران، ارکان پارلیمنٹ اور غیر ملکی سفارت کاروں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنرل عاصم منیر نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر پوری قوم کو سرفخر کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عسکری قیادت میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر قومی سلامتی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص سمیت حالیہ تمام دفاعی کامیابیاں جنرل عاصم منیر کی جرات مندانہ اور بصیرت افروز قیادت کی عکاسی کرتی ہیں۔