news
پاکستان میں خواتین کے موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں 12 فیصد اضافہ: جی ایس ایم اے رپورٹ
جی ایس ایم اے کی موبائل جینڈر گیپ رپورٹ 2025 کے مطابق پاکستان میں 2024 کے دوران خواتین کے موبائل انٹرنیٹ استعمال میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ شرح 45 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے مقابلے میں بھارت میں یہ شرح 39 فیصد جبکہ بنگلہ دیش میں 26 فیصد ہے۔ رپورٹ میں مرد صارفین کے انٹرنیٹ استعمال میں بھی 7 فیصد اضافے کا ذکر ہے۔ پاکستان میں 93 فیصد مرد موبائل فون رکھتے ہیں جو بھارت (71 فیصد) اور بنگلہ دیش (68 فیصد) سے کہیں زیادہ ہے۔ جی ایس ایم اے نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی 2020 ڈیجیٹل جینڈر انکلوژن اسٹریٹیجی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس پالیسی کے نتیجے میں خواتین کے انٹرنیٹ استعمال میں واضح بہتری آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2023 میں خواتین، مردوں کے مقابلے میں 38 فیصد کم انٹرنیٹ استعمال کرتی تھیں جو 2024 میں کم ہو کر 25 فیصد رہ گئی۔ اس مثبت پیشرفت کا سہرا جیز، ٹیلی نار اور یو فون جیسے موبائل نیٹ ورکس کی کاوشوں کو بھی دیا گیا ہے۔