news
امریکا کی یونیورسٹی آف مشیگن نے دنیا کا طاقتور ترین لیزر سسٹم تیار کر لیا
امریکا کی یونیورسٹی آف مشیگن نے اپنی نوعیت کے منفرد اور انتہائی طاقتور لیزر سسٹم ZEUS (Zettawatt-Equivalent Ultrashort Pulse Laser System) کے پہلے تجربے میں دو پیٹا واٹ (یعنی 20 لاکھ ارب واٹ) توانائی پیدا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق یہ توانائی دنیا بھر میں ایک وقت میں پیدا ہونے والی توانائی سے 100 گنا زیادہ ہے، تاہم یہ توانائی ایک انتہائی مختصر لمحے کے لیے خارج ہوتی ہے اور جمع نہیں کی جا سکتی۔
یہ زبردست توانائی ایک سیکنڈ کے 250 کھربویں حصے کے برابر وقت کے لیے پیدا ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حیرت انگیز ٹیکنالوجی کو مستقبل میں طب، کوانٹم فزکس، مٹیریل سائنس اور دیگر جدید سائنسی شعبوں میں تجربات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ZEUS لیزر سسٹم کی تیاری پر امریکی نیشنل سائنس فاؤنڈیشن کی جانب سے 1 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی لاگت آئی، اور اس میں ٹائیٹینیم ایٹمز سے بھرپور 7 انچ کا سیفائر کرسٹل نصب ہے، جس کی تیاری میں چار سال سے زائد کا عرصہ لگا۔
پروجیکٹ منیجر فرینکو بایر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس جو سائز کا ٹائیٹینیم سیفائر کرسٹل موجود ہے، وہ دنیا بھر میں بہت کم جگہوں پر دستیاب ہے۔