news
فیصل واوڈا کا دفاعی بجٹ دوگنا کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد: پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ووٹوں سے منتخب آزاد سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ملک کے دفاعی بجٹ کو دو سے تین گنا بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا پیٹ کاٹ کر بھی افواج پاکستان کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا ہوگا کیونکہ فوجی رمضان جیسے مہینے میں محض دو ہزار روپے میں سحری، افطاری اور رات کا کھانا کرتے ہیں۔ اگر ایک سپاہی کے چار بچے ہوں تو گویا ہم صرف 11 روپے روزانہ دے کر ان کی خدمات لے رہے ہیں، جو ناانصافی کے مترادف ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان کی افواج ہماری سلامتی کی ضامن ہیں اور حالیہ معرکوں میں دشمن کے 285 اہلکاروں کو ہلاک کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی واضح ہدایت تھی کہ کسی شہری کو نقصان نہ پہنچے، اور افواج پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بھارت کو بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی تعداد کا فرق ضرور ہے، لیکن ہماری پیشہ وارانہ صلاحیت اور جذبہ اس کمی کو پورا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں سے زیادہ توجہ دفاع پر دی جائے، اور اس مقصد کے لیے حکومت کو اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔ واوڈا نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں اور پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔