news
چین کی پاکستان کو J35A اسٹیلتھ فائٹرز کی پیشکش، 50 فیصد رعایت کے ساتھ
پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں چین نے پاکستان کو دفاعی میدان میں ایک بڑی پیشکش کرتے ہوئے جدید J35A ففتھ جنریشن اسٹیلتھ فائٹر جیٹس کی فراہمی تیز کر دی ہے اور ساتھ ہی 50 فیصد تک کی خصوصی رعایت بھی دی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق، چین نے یہ اقدام پاکستان کی فضائی کارکردگی اور اسٹریٹجک شراکت داری کے اعتراف کے طور پر اٹھایا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو 30 J35A طیاروں پر مشتمل پہلا بیچ اگست 2025 کے اوائل میں فراہم کر دیا جائے گا۔
اس پیشرفت کے دوران پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف چین کے دورے پر موجود ہیں، جہاں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ان ملاقاتوں میں بھارت کی جانب سے فوجی سازوسامان میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کے جواب میں پاکستان کو جدید دفاعی نظام فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے دی جانے والی یہ رعایت اور تیز تر فراہمی پاکستان کے ساتھ گہرے سٹریٹجک تعلقات اور باہمی اعتماد کی مظہر ہے۔ پاکستان نے 2024 کے آخر میں ان طیاروں کی خریداری کی خواہش ظاہر کی تھی اور ابتدائی معاہدے میں رواں برس کے دوران 30 طیارے فراہم کیے جانے کا عندیہ دیا گیا تھا، جس پر اب عملدرآمد کو تیز کر دیا گیا ہے۔
چینی اقدام کو پاکستان فضائیہ کی حالیہ کارکردگی کے اعتراف کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے، بالخصوص بھارت کے خلاف حالیہ صورتحال میں پاکستان نے جس مضبوطی سے ردعمل دیا، اسے سراہتے ہوئے چین نے نہ صرف جدید ترین ٹیکنالوجی کی منتقلی کا عمل تیز کیا بلکہ آسان مالیاتی شرائط اور 50 فیصد رعایت جیسی پیشکش بھی کی ہے، جو کہ خطے میں بدلتی ہوئی عسکری توازن کا اہم اشارہ ہے۔