news
خضدار حملہ: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے کا عزم
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خضدار میں اسکول وین پر ہونے والے دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ حملے کو انتہائی شرمناک، بزدلانہ اور انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ حملے میں 3 معصوم بچے اور 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جبکہ 53 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 39 بچے شامل ہیں، اور 8 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
تحقیقات کے مطابق، حملے میں “فتنہ الہندستان” نامی گروہ ملوث پایا گیا جسے بھارتی سرپرستی حاصل ہے۔ یہ واقعہ بھارت کے دہشتگرد عزائم اور خطے میں اس کے تخریبی کردار کا منہ بولتا ثبوت بن چکا ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کہا کہ پوری قوم اور افواج پاکستان دہشتگردی کے خلاف یکجان اور پرعزم ہیں، اور ملک کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔