news
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا بیوٹی فکیشن اور ڈویلپمنٹ پلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں صوبے بھر کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس کا آغاز آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کے لیے دعا سے کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو بیوٹی فکیشن پلان، ترقیاتی اقدامات اور دیگر پراجیکٹس پر تین گھنٹے طویل بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں بازاروں کی خوبصورتی، لٹکتے تاروں کو زمین دوز کرنے، بازاروں کی ری ماڈلنگ، کینالز کی تزئین، اور فوڈ اسٹریٹس کے قیام کا جامع منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ہر ضلع اور تحصیل میں ریڑھی بازار قائم کیے جائیں گے۔ 60 شہروں میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اس سال مکمل کیے جائیں گے جبکہ پنجاب کے 800 دیہات کو ماڈل ویلجز میں تبدیل کیا جائے گا۔
دیہات میں 400 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و توسیع ہوگی اور آئندہ مالی سال کے لیے سڑکوں کے لیے 250 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ تمام اضلاع میں 1100 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔ سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ لاہور کینال روڈ پر اے آر ٹی منصوبہ، فیصل آباد و گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس کے آغاز، ہر بڑے شہر میں واسا دفاتر اور ہر ڈویژن میں کنڈرگارٹن سینٹرز بنانے کا اعلان بھی کیا گیا۔
نادار افراد کے لیے راشن کارڈ اسکیم متعارف کرانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے 8000 افراد پر مشتمل پیرا فورس کی تیاری کا اعلان بھی اجلاس کا حصہ تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے عوام کی امانت ہیں، اور ان پر دیانتداری سے کام ہو رہا ہے۔ لاہور میں 450 کلومیٹر سیور لائن ڈالنے کا کام بھی جاری ہے۔ اجلاس میں مرحوم ارکان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور وزیراعلیٰ کے اقدامات کو پارٹی رہنماؤں نے سراہا۔