news

ڈی جی آئی ایس پی آر: بھارت جھوٹے بیانیے پر آگ سے کھیل رہا ہے، پاکستان امن کا خواہاں

Published

on

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت جھوٹے اور من گھڑت بیانیے کی بنیاد پر خطرناک کھیل کھیل رہا ہے، جبکہ دنیا اب بھارت کی حقیقت کو جان چکی ہے۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انتہائی بالغ نظری سے بھارتی الزامات کا جواب دیا ہے، لیکن اصل تنازع ابھی بھی موجود ہے اور کسی بھی وقت صورتحال بگڑ سکتی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 10 مئی کے بعد کئی دن گزر چکے ہیں، لیکن بھارت میں اب بھی جھوٹ پر مبنی بیانیہ چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ دونوں ممالک ایٹمی قوتیں ہیں اور کسی بھی فوجی تصادم کا نتیجہ انتہائی خطرناک ہوگا۔ ایٹمی جنگ نہ صرف ناقابل تصور بلکہ باہمی تباہی کا باعث ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی شدت پسند واقعے میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو بھارت انہیں فراہم کرے، ہم خود کارروائی کریں گے۔ پاکستان میں اس وقت امن کی فضا قائم ہے اور قوم اس کا جشن منا رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہر چند سال بعد بھارت ایک نیا جھوٹا بیانیہ گھڑتا ہے، اور یہ اس کی پرانی عادت بن چکی ہے۔ انہوں نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ “فتنہ الخوارج” پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ نہ صرف شریعت بلکہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ یہ لوگ مساجد کو پناہ گاہ بنا کر ان کا تقدس پامال کرتے ہیں اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کرتے ہیں تاکہ جوابی کارروائی سے بچ سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج مذہب کے لبادے میں چھپ کر دہشتگردی کر رہا ہے، جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ بھارت اس صورتحال کو اپنی داخلی سیاست میں فائدے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت میں اس وقت کوئی ذمہ دار سیاسی قیادت موجود ہے؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version