news
وزیراعظم شہباز شریف کی خضدار سکول بس حملے کی مذمت، بھارتی پشت پناہی پر کڑی تنقید
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کو نشانہ بنایا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کو بھارتی سرپرستی میں پلنے والے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر درندگی کی تمام حدیں پار کیں، اور ایسے عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے اس واقعے میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے مستقبل، یعنی بچوں پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور حکومت مکمل طور پر پرعزم اور متحد ہیں۔
یاد رہے کہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر پیش آنے والے اس المناک حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید جبکہ 38 زخمی ہوئے تھے۔ دھماکے سے بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی اور سی ایم ایچ خضدار میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔