news
خضدار میں سکول بس پر خودکش حملہ، 4 بچے جاں بحق، 38 زخمی
بلوچستان کے ضلع خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب ایک سکول بس کو خودکش حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ 38 زخمی ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق حملہ خودکش بمبار کی جانب سے خود کو دھماکے سے اڑانے کے بعد ہوا، جس سے بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی دشمن کی گھناؤنی سازش قرار دیا، جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور پوری قوم کے اتحاد سے ایسی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔