news
جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی، وفاقی کابینہ کی منظوری
حکومت پاکستان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ملک کی دفاعی کامیابیوں بالخصوص “معرکہ حق” اور آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران جنرل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت اور اعلیٰ حکمت عملی کو سراہا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی رات بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا۔ کابینہ نے جنرل عاصم منیر کی ترقی کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان کے غازیوں، شہداء اور دیگر ممتاز شہریوں کو اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازنے کا بھی فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو اس فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کیا، جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خدمات جاری رکھنے پر بھی کابینہ نے اتفاق کیا۔