news
پاکستان کا گولڈن ٹیمپل حملے سے متعلق بھارتی الزامات پر ردعمل
پاکستان نے گولڈن ٹیمپل پر حملے کے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے واضح کیا کہ پاکستان تمام مذاہب کے مقدس مقامات کا احترام کرتا ہے اور گولڈن ٹیمپل جیسے مقام کو نشانہ بنانے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق، بھارت کی جانب سے یہ الزام ایک ناقابلِ قبول اقدام ہے، جس کا مقصد اندرونی ناکامیوں اور حالیہ حملوں سے توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا فخر سے نگہبان ہے اور ہر سال ہزاروں سکھ یاتریوں کو کرتارپور راہداری کے ذریعے ویزہ فری رسائی فراہم کرتا ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے گولڈن ٹیمپل پر حملے کی سازش کا الزام لگایا گیا تھا، جسے پاکستان نے مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے الزامات خطے میں کشیدگی بڑھانے کی ایک کوشش ہیں۔