head lines
آئی ایم ایف سے بجٹ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ شروع، تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف زیر غور
اسلام آباد: حکومت کی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے وفد کے درمیان بجٹ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ پاکستان کی معاشی ٹیم میں وزارت خزانہ، ایف بی آر، پلاننگ کمیشن، اکنامک افیئرز ڈویژن اور وزارت پیٹرولیم کے حکام شامل ہیں، جبکہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ اسٹیٹ بینک کے حکام کے مذاکرات بھی طے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف وفد کے ساتھ آمدنی اور اخراجات پر حتمی بات چیت ہوگی، اور تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی شرح کم کرنے پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ سالانہ 10 سے 12 لاکھ روپے کمانے والوں کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایف بی آر انکم ٹیکس میں ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کرے گا، اور یہ مذاکرات 23 مئی تک جاری رہیں گے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، 22 مئی تک تمام بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی، جبکہ نئے مالی سال کا بجٹ 2 جون کو پیش کیا جائے گا۔