head lines
اسحاق ڈار کا چین کا دورہ: بھارت کے الزامات بے نقاب، 60 ممالک سے سفارتی رابطے
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین روانگی سے پہلے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اب یہ جان چکی ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد تھے، اور پاکستان نے ہر ممکن فورم پر ان کو غلط ثابت کیا ہے۔ اسحاق ڈار نے یہ بھی بتایا کہ پچھلے تین ہفتوں میں پاکستان نے دنیا کے 60 ممالک کے ساتھ سفارتی رابطے کیے، جن میں سیاسی، علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی محاذ پر کامیابی سے سرگرم ہے اور عالمی برادری بھارت کے بلیم گیم کو بے نقاب کر چکی ہے۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی بتایا کہ وہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر تین روزہ دورے پر چین جا رہے ہیں، جہاں جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن و استحکام اور پاک چین دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ ملتے ہیں تو تمام اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے شروع سے ہی پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، کیونکہ پاکستان کا مؤقف مضبوط اور حقیقت پر مبنی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کا حصہ ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایک سفارتی وفد بھی تشکیل دیا گیا ہے جو مختلف ممالک کا دورہ کرے گا۔