news
چاند پر 12 کروڑ سال پہلے تک فعال آتش فشاں موجود تھے: نئی تحقیق
ایک نئی سائنسی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ چاند پر تقریباً 12 کروڑ سال پہلے تک آتش فشاں سرگرم تھے۔ یہ نتیجہ چینی مشن چینگ ای 5 کے ذریعے 2020 میں چاند کی سطح سے لائے گئے مٹی کے نمونوں میں موجود باریک شیشے کے 3000 سے زائد ذرات کے تجزیے کے بعد اخذ کیا گیا۔ ان شیشے کے ذرات کی کیمیائی اور طبعی ساخت کے معائنے سے معلوم ہوا کہ ان میں سے تین ذرات آتش فشانی سرگرمیوں سے جُڑے ہیں۔ ریڈیو میٹرک ڈیٹنگ سے پتہ چلا کہ یہ ذرات تقریباً 12 کروڑ 30 لاکھ سال پرانے ہیں، جو چاند پر آتش فشانی عمل کے ماضی قریب میں ہونے کا ثبوت ہے۔ یہ تحقیق نہ صرف چاند کی ارضیاتی تاریخ میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرتی ہے بلکہ چاند کی اندرونی ساخت اور اس کے ارتقاء کو بھی بہتر طور پر سمجھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔