news
نواز شریف کا قومی سلامتی پر بیان: افواج پاکستان کا دفاعی کردار قابل فخر قرار
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ملکی سلامتی کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا۔ جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افواج پاکستان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے بھی سچ پر مبنی بیانیہ دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا۔ نواز شریف نے قومی اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر سیاسی تقسیم سے بالاتر ہو کر ایک آواز میں بولنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی سربلندی پر رب کا شکر ادا کرتے ہوئے افواج پاکستان، وزیر اعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کو مبارکباد بھی پیش کی۔