news
پاک-بھارت کشیدگی کے باوجود افغان تجارتی ٹرک واہگہ سے بھارت روانہ
پاک-بھارت کشیدگی کے باوجود افغانستان سے خشک میوہ جات سے لدے 5 تجارتی ٹرک واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ٹرک کئی ہفتوں سے نیشنل لاجسٹک سیل کے تحت واہگہ پورٹ پر کھڑے تھے اور بالآخر انہیں بھارت بھیجنے کی اجازت دے دی گئی۔ پاکستانی ڈرائیوروں نے یہ سامان بھارتی حدود میں منتقل کیا جنہیں بھارتی حکومت نے 24 گھنٹے کے انٹری پرمٹ جاری کیے تھے۔ افغان حکومت نے گزشتہ ماہ پاکستان سے درخواست کی تھی کہ 150 ٹرکوں کو بھارت بھیجنے کی اجازت دی جائے، جس پر پاکستان نے یکم مئی کو مشروط اجازت دے دی تھی۔ تاہم سرحدی کشیدگی کے باعث معاملہ مؤخر رہا۔ اب مزید ٹرک بھی آئندہ دنوں میں بھارت بھیجے جائیں گے۔ یاد رہے کہ پاک-بھارت تجارت 2019 سے معطل ہے، مگر افغانستان اور بھارت کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ واہگہ کے راستے جاری ہے۔