news
جنرل عاصم منیر: پوری قوم اور میڈیا نے دشمن کو متحد ہوکر جواب دیا
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے یوم تشکر کی مرکزی تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن بھارت کا مؤثر مقابلہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس جرات، صداقت اور ذمہ داری سے میڈیا نے دشمن بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دیا وہ قابل فخر ہے، ہم نے کچھ نہیں چھپایا بلکہ سچ کو سامنے لایا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افواج پاکستان اور قوم کی یکجہتی کو سراہا اور کہا کہ بھارت کے حملے کے بعد قوم کی دعاؤں اور افواج کے جوابی اقدام نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل عاصم منیر نے مکمل اعتماد کے ساتھ فیصلہ کن کارروائی کی اور دشمن کو اس قدر شدید جواب دیا کہ وہ سیز فائر کی درخواست پر مجبور ہو گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مقامی ٹیکنالوجی اور شراکت داروں کی مدد سے وہ صلاحیت حاصل کی جس نے دشمن کے ہوش اڑا دیے، اب وقت ہے کہ پاکستان اپنے معاشی سفر کا آغاز کرے اور خطے میں امن و ترقی کی راہ ہموار کرے۔