news
وزیراعظم شہباز شریف کا یوم تشکر پر خطاب: پاکستان کا راستہ کوئی طاقت نہیں روک سکتی
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے یوم تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان اب معاشی ترقی کے سفر کا آغاز کر رہا ہے اور کوئی بڑی طاقت اس کا راستہ نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور ہمیں دشمنوں کے ساتھ پرامن ہمسائیگی کی بنیاد پر مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔ تقریب میں وزیراعظم نے 9 اور 10 مئی کو بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو مؤثر جواب دیا گیا، جس کے بعد بھارت سیز فائر کی درخواست پر مجبور ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے جدید ٹیکنالوجی اور قومی جذبے سے لیس ہو کر بھارت کے چھ جنگی طیارے اور بیلسٹک میزائلوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارت کو شدید ہزیمت اٹھانا پڑی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دشمن بھارت خود کو خطے کا بادشاہ سمجھتا تھا، لیکن اللہ تعالیٰ کے خاص کرم سے پاکستان نے اسے جواب دیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان معاشی میدان میں آگے بڑھے اور دنیا میں اپنی خودمختاری اور وقار کو مزید مستحکم کرے۔