news
ترجمان دفتر خارجہ: بھارتی تابکاری رپورٹس بے بنیاد
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاک بھارت جھڑپوں میں جوہری تابکاری سے متعلق رپورٹس بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف عزت و وقار کے ساتھ جواب دیا اور دشمن کی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے لیے دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ امریکی صدر سمیت دوست ممالک کی ثالثی کوششوں کو سراہا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے، اور یہ دفاع اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت کیا گیا۔ پاکستان نے ثابت کیا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اور اگر بھارت نے مستقبل میں دوبارہ کوئی جارحیت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔