news
اداکارہ سکینہ خان کی ناکام محبت پر جذباتی گفتگو
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ سکینہ خان نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اپنی ذاتی زندگی کے حساس پہلو پر بات کی، جہاں وہ اپنی حالیہ ناکام محبت کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔ میزبان عمران اشرف کے سوال پر سکینہ خان نے بتایا کہ وہ حال ہی میں ایک گہری محبت میں ناکامی کا سامنا کر چکی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی محبت سے بہت سی امیدیں تھیں جو پوری نہ ہو سکیں، اور یہ ٹوٹنے والی امیدیں اُن کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ تھیں۔
سکینہ نے مزید کہا کہ جب کسی پر یقین ٹوٹتا ہے تو انسان کے اندر ایک گہرا خلا پیدا ہوتا ہے، لیکن اسی تکلیف میں ایک عجیب سا سکون بھی چھپا ہوتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی اس محبت کے واپس آنے کی امید رکھتی ہیں، اور اس مسلسل انتظار نے انہیں اندر سے توڑ دیا ہے۔ اداکارہ نے دعا کی کہ انہیں صبر نہ آئے، کیونکہ اگر صبر آ گیا اور محبت واپس آئی، تو وہ اُسے قبول نہیں کر سکیں گی۔