news
عمران خان کے پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کی عدالت سے منظوری
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کی اجازت دے دی ہے۔ جج منظر علی گل نے تحریری فیصلے میں کہا کہ یہ ٹیسٹ بے بنیاد اور قابل اعتبار شواہد میں فرق کرنے میں مددگار ہوں گے اور اس سے تفتیش کو شفاف بنانے میں سہولت ملے گی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ جیل میں ہی تمام ٹیسٹوں کے انتظامات کرے، جبکہ تفتیشی افسر کو 26 مئی تک مکمل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق عمران خان کو دو بار نوٹس بھیجے گئے مگر انہوں نے ٹیسٹ کروانے کے نوٹسز کی وصولی سے انکار کیا۔ عمران خان کے وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ ٹیسٹوں کی درخواست تاخیر سے دائر کی گئی جبکہ پراسکیوشن کا مؤقف ہے کہ وہ متعدد بار جسمانی ریمانڈ اور ٹیسٹ کی اجازت کے لیے عدالتوں سے رجوع کرتے رہے۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ پراسکیوشن کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کیس کو غیر ضروری طول نہیں دینا چاہتے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یہ ٹیسٹ صرف ایک شخص کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی کوشش ہیں۔