news

صدر زرداری کا یوم تشکر پر پیغام: آپریشن بنیان مرصوص پوری قوم کی فتح ہے

Published

on


صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو پوری قوم کی فتح قرار دیتے ہوئے مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے جس مہارت اور قوت کا مظاہرہ کیا، وہ دنیا بھر میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ایک نازک گھڑی میں قوم اور افواج کو فتح نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا جس میں معصوم پاکستانی شہید ہوئے، لیکن چند گھنٹوں میں ہی دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا گیا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ انداز میں دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

صدر زرداری نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع استعمال کرے گا۔

یوم تشکر کے طور پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، فضاء “اللہ اکبر” اور “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگاروں پر پھول رکھے گئے اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ فوجی دستوں نے نعرہ تکبیر بلند کرتے ہوئے ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں، جب کہ جمعہ کی نماز میں بھی ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version