news

عوام کو ریلیف نہ مل سکا: حکومت نے پٹرول کی قیمت میں کمی سے انکار کر دیا

Published

on


وفاقی حکومت نے مئی کے باقی دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں ایک پیسے کی بھی کمی نہیں کی گئی۔ حالانکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے، لیکن پاکستانی عوام کو اس کا مکمل فائدہ نہیں دیا گیا۔ صرف ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی 4 روپے 68 پیسے اور مٹی کے تیل کی 5 روپے 4 پیسے کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 254.64 روپے، لائٹ ڈیزل 150.65 روپے اور مٹی کا تیل 164.65 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں 12 روپے فی لیٹر اضافے سے 90 روپے تک مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین سے 34 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم آئندہ 12 ماہ میں 1.87 روپے فی لیٹر کے حساب سے وصول کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن اور وزارتِ خزانہ وزیراعظم کی اجازت سے یہ لیوی بڑھانے کی مجاز ہوں گی، جبکہ آئندہ بجٹ میں جی ایس ٹی کے نفاذ پر بھی غور کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق حکومت رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے 833 ارب روپے سے زائد وصول کر چکی ہے، جبکہ گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 801 ارب روپے اور قدرتی گیس سرچارج کی مد میں 35 ارب روپے وصول کیے گئے ہیں۔ ایل پی جی پر بھی 2.43 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں، تاہم اس تمام تر مالی دباؤ کا بوجھ عوام پر ہی ڈالا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version