news
اسحاق ڈار اور شہباز شریف کا دوٹوک مؤقف: بھارت کو 6 طیاروں کے نقصان اور سیز فائر پر واضح پیغام
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر پر مکمل اتفاق ہو چکا ہے اور دونوں ممالک افواج کو امن کی پوزیشن پر واپس لانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی اگلی ملاقات 18 مئی کو ہوگی، جس کے بعد باقاعدہ مذاکرات کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے طے کیا ہے کہ کسی تیسرے فریق کی مداخلت کے بغیر شملہ معاہدے کے تحت ہی معاملات حل ہوں گے، اور پاکستان کی طرف سے ہمیشہ بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حالیہ جھڑپوں میں پاکستان نے بھارت کے پانچ نہیں بلکہ چھ جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل طیارے شامل تھے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کامرہ ایئربیس کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ایئرچیف ظہیر احمد بابر ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 6 سے 10 مئی کے دوران دشمن کو فیصلہ کن شکست دی گئی اور 10 مئی کو پاک فضائیہ نے دنیا کو حیران کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو یہ واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ اگر دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو اس کی زمین کھینچ لی جائے گی۔ شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر، ایئرچیف اور نیول چیف کو معرکہ حق میں فرنٹ سے لیڈ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش باب کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔