news
اعظم سواتی کا مطالبہ: عمران خان کو رہا کیا جائے
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے پارٹی کے بانی عمران خان کو رہا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بے بنیاد مقدمات میں قید ہیں اور ان کی رہائی تک وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ اعظم سواتی نے دیگر بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک کے تمام ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔ خطے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ہٹلر سے بدتر قرار دیا اور چین کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
اسی دوران، اعظم سواتی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی نے سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد ہو چکا ہے، جس کے بعد عدالت نے کیس نمٹا دیا۔