news
رانا ثناءاللہ: پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار ہے کیونکہ جمہوری معاشرے میں سیاسی معاملات بات چیت کے ذریعے ہی آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف پہلے بھی مذاکرات کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں اور اب بھی ملکی مفاد میں ہر جماعت سے بات چیت کیلئے آمادہ ہیں، خاص طور پر پاکستان تحریک انصاف کو چارٹر آف اکانومی جیسے اہم معاملات میں شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف کی رہنمائی، اور عسکری قیادت کا کردار کلیدی رہا۔ بھارت کی طرف سے حملے کی صورت میں پاکستان نے مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج نے جرات مندی سے دشمن کا مقابلہ کیا۔ رانا ثناءاللہ نے انکشاف کیا کہ بھارت گوریلا طرز کے دہشتگردانہ حملے کر رہا ہے، جن میں بسوں اور ٹرینوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں دہشتگردوں کو تربیت دے کر بھیج رہا ہے، اور مالی معاونت بھی فراہم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کامیابی سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز کر رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں، اور حکومت ان خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔