news
ترک صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان سے اظہار یکجہتی اور دوستی کا عزم
ترک صدر رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اپنی گہری محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو “قیمتی بھائی” کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ ترکی پاکستان کی امن، استحکام اور ضبط و تحمل پر مبنی پالیسیوں کو بہت اہمیت دیتا ہے، جو کہ مکالمے اور مصالحت کے ذریعے تنازعات کے حل کو ترجیح دیتی ہیں۔ صدر اردوان نے یہ عزم دہرایا کہ ترکی ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان سچی دوستی اور بھائی چارے کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے “پاکستان ترکی دوستی زندہ باد” کا نعرہ بھی لگایا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کرد ورکرز پارٹی (PKK) کی تحلیل کو ترکی کے امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا تھا۔