news
عمران خان کا پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین: مودی کو شکست، قوم تیار رہے، پیغام اڈیالہ جیل سے
اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاک فضائیہ اور فوجی جوانوں کی تعریف کی ہے۔ اپنے اہم پیغام میں عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور غیرتمند قوم ہے، اور ہماری افواج نے جس مہارت کے ساتھ بھارتی حملوں کا جواب دیا، وہ واقعی قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں نہتے سویلینز، بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنایا، لیکن ہماری افواج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے طیارے اور فوجی تنصیبات کو تباہ کیا، جبکہ سویلینز کو نشانہ نہیں بنایا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام، خاص طور پر سوشل میڈیا کے نوجوانوں نے بھی بھارت اور آر ایس ایس کے جھوٹے بیانیے کو عالمی سطح پر ناکام بنایا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نریندر مودی اپنی شکست کو برداشت نہیں کرے گا اور ممکن ہے کہ وہ دوبارہ کسی فالس فلیگ آپریشن کی کوشش کرے، جیسا کہ اس نے پہلے کشمیر میں کیا۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ مودی پاکستان کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، اس لیے قوم کو ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار اور متحد رہنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنگ کا بڑا حصہ ذہنی طاقت اور فوری ردعمل پر منحصر ہوتا ہے، ایسے وقت میں قائدانہ صلاحیتوں کی حامل اور عوام کی حمایت یافتہ قیادت کی ضرورت ہوتی ہے۔