news
عمران خان کے بیٹوں کا پہلا انٹرویو: والد کو سزائے موت کی دھمکیاں، قید میں سختیاں
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹے سلیمان اور قاسم خان نے اپنے پہلے انٹرویو میں کچھ سنجیدہ انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کو سزائے موت کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور جیل میں ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہو رہا ہے۔ سلیمان خان نے کہا کہ ہم بہت پریشان ہیں کیونکہ والد کے خلاف ایسے مقدمات بنائے جا رہے ہیں جن میں انہیں سزائے موت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ قاسم خان نے کہا کہ عمران خان کا اللہ پر پختہ ایمان ہے، وہ کبھی جھکیں گے نہیں اور نہ ہی کسی ڈیل کو قبول کریں گے۔ دونوں بیٹوں نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ عمران خان کو دو سال سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، جہاں نہ تو بجلی فراہم کی جاتی ہے، نہ ڈاکٹر سے ملنے کی اجازت ہے، اور فون پر بات چیت بھی محدود یا بند کر دی گئی ہے۔ قاسم خان نے کہا کہ ہم نے آخری بار والد کو اس وقت دیکھا جب انہیں تین گولیاں لگی تھیں، اور اس وقت بھی وہ ہمت اور حوصلے کے ساتھ کھڑے تھے۔ سلیمان خان نے کہا کہ والد نے ہمیں خاموش رہنے کو کہا تھا، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ سچائی کو سامنے لایا جائے، کیونکہ یہ معاملہ چند ہفتوں کا نہیں بلکہ دو سال سے جاری ظلم کا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کی شبیہ کو مٹانے کے لیے 1992ء کے ورلڈکپ تک کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو تنہا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر وہ ثابت قدم ہیں اور انہیں توڑنا آسان نہیں ہوگا۔