news
بھارت کا بزدلانہ حملہ، 11 جوان اور 40 شہری شہید، آپریشن بنیان مرصوص کا بھرپور جواب
6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارتی مسلح افواج نے پاکستان پر بلااشتعال اور بزدلانہ حملے کیے جن میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں پاک فوج کے 11 جوان شہید ہوئے، جن میں آرمی کے 6 اور فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں، جبکہ 40 بے گناہ شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل تھے۔ اس بزدلانہ کارروائی میں 78 فوجی اہلکار اور 121 شہری زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے بھی شامل ہیں۔ شہداء میں نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی عدیل اکبر اور نثار شامل ہیں، جبکہ پاک فضائیہ کے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب سلطان، مبشر اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔ افواجِ پاکستان نے دشمن کی اس جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے “معرکہ حق” کے تحت “آپریشن بنیان مرصوص” کا آغاز کیا اور دشمن کی عسکری پوزیشنز کو نہایت درستگی سے نشانہ بنایا، جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانی وطن سے محبت، جذبہ اور جرات کی شاندار علامت ہے، پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور آئندہ بھی ہر جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔