news
آرمی چیف کا زخمی جوانوں سے ملاقات، دشمن کی سازشیں ناکام
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم نے متحد اور پرعزم ردعمل دیا، جو عسکری تاریخ میں ایک فیصلہ کن باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشن میں زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی بہادری و قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج زخمیوں کی دیکھ بھال، بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سپاہیوں اور شہریوں کی قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے، اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کی ثابت قدمی اور فوج کا پیشہ ورانہ جذبہ ملک کے دفاع کی ضمانت ہیں، اور کسی بھی دشمن کو یہ پیغام واضح ہونا چاہیے کہ پاکستانی افواج ہر چیلنج کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔