news
عمران خان نے جنید اکبر کو تحریک کی قیادت سونپ دی، پی اے سی چیئرمین شپ چھوڑنے کی ہدایت
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی رہنما جنید اکبر کو تحریک کی قیادت کا مکمل اختیار دے دیا ہے۔ ان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے مطابق، عمران خان نے جنید اکبر سے کہا ہے کہ وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہو کر خیبر پختونخوا سے تحریک کا آغاز کریں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے واضح ہدایت دی ہے کہ پارٹی قیادت اور کارکنوں کی رہائی اور انتخابی دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے جنید اکبر کو مکمل طور پر تحریک پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ پیغام پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو بھی پہنچا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، جنید اکبر کی جگہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا نیا چیئرمین بنانے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اس معاملے کو پارٹی کا اندرونی معاملہ قرار دیا اور تبصرے سے گریز کیا۔
جنید اکبر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جب کہیں گے، وہ چیئرمین شپ سے فوری مستعفی ہو جائیں گے۔