news

ڈی جی آئی ایس پی آر: افواجِ پاکستان نے عوام سے کیا وعدہ نبھایا، سائبر محاذ پر نوجوانوں کا کردار قابلِ فخر

Published

on

راولپنڈی — پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے شکرگزار ہیں کہ اُس نے ہمیں فتح عطا کی، اور ہم ان تمام پاکستانیوں، خاص طور پر نوجوانوں کے مشکور ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر قوم کی ترجمانی کی اور سائبر محاذ پر دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا۔

میڈیا بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارتی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہری شہید ہوئے، جس کے بعد پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان ائیر فورس نے سورت گڑھ، سرسہ، آدم پور، اونتی پورہ، اودھم پور اور پٹھان کوٹ میں ان بھارتی فوجی بیسز کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پر میزائل فائر کیے گئے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے جدید دفاعی نظام S-400 کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا، اور کل 26 فوجی تنصیبات کو مؤثر طریقے سے تباہ کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ قوم کا حوصلہ بلند رہا، اور سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوانوں نے انفارمیشن وار فیئر میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ “ہم ان نوجوانوں کے مقروض ہیں جنہوں نے سائبر وار میں فرنٹ لائن سپاہی بن کر دشمن کو شکست دی،” انہوں نے کہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version