news

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارتی جارحیت پر دوٹوک مؤقف: ہم تیار ہیں، آزمائیں مت

Published

on

راولپنڈی — پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی حالیہ جارحیت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے پوری قوم کے تعاون سے دشمن کی کارروائیوں کا مکمل اور بھرپور جواب دیا، اور آئندہ بھی ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن بُنْیانٌ مَّرْصُوْص پاکستان کی عسکری صلاحیت، اتحاد اور قومی عزم کا مظہر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو بارہا خبردار کیا گیا تھا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینا ہماری قومی پالیسی کا حصہ ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ بھارتی فوج کی تعداد اور ہتھیار ہمیں مرعوب نہیں کر سکتے، پاکستان اپنی سرزمین اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے محاذ آرائی کا راستہ چنا ہے، تو آگے کا ردعمل پاکستان کی مرضی اور تیاری پر منحصر ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایک باوقار اور ذمہ دار ادارہ ہے، جو کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا آغاز نہیں کرے گی، لیکن اگر دوبارہ جارحیت کی گئی تو اس کا واضح اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے بھارت پر الزام لگایا کہ اس نے بزدلانہ انداز میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جبکہ پاکستان نے صرف اپنا دفاع کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستانی قوم دشمن کی طاقت اور چالاکی سے مرعوب ہونے والی نہیں، ہم امن چاہتے ہیں لیکن اپنی جغرافیائی سرحدوں کا دفاع ہمارا فرض اور اعزاز ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version