news
بھارتی ایئرمارشل کا رفال طیاروں کے نقصان پر ردعمل: نقصانات جنگ کا حصہ ہیں
نئی دہلی — بھارتی ایئر فورس کے سربراہ، ایئرمارشل اے کے بھارتی نے رفال طیاروں کے پاکستانی کارروائی میں مبینہ طور پر تباہ ہونے سے متعلق خبروں پر کہا ہے کہ “نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں”۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال پر کہ بین الاقوامی میڈیا میں بھارت کے اثاثوں کے نقصان، بالخصوص رفال طیاروں کے گرائے جانے کی خبریں زیر گردش ہیں، ایئرمارشل نے اس کی براہ راست تصدیق یا تردید نہیں کی۔
انہوں نے کہا، “ہم اس وقت ایک جنگی صورت حال میں ہیں، اور ایسے وقت میں کسی بھی تبصرے سے دشمن کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ ہمارا مقصد دہشتگردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنانا تھا، نہ کہ پاکستانی فوج یا شہری انفراسٹرکچر کو۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے اہداف کامیابی سے حاصل کیے اور تمام بھارتی پائلٹ محفوظ واپس لوٹے۔
ایئرمارشل کے مطابق 7 مئی کی شام پاکستانی ڈرونز نے بھارتی فضائی حدود میں دراندازی کی، جنہیں بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔ بھارتی فضائیہ نے جوابی کارروائی میں لاہور اور گوجرانوالہ کے قریب ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا تاکہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ بھارت کسی بھی صورتحال کے لیے تیار ہے۔
ایئرمارشل نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی کارروائیاں صرف دہشتگردوں کے خلاف تھیں، اور وہ کشیدگی کو مزید بڑھانا نہیں چاہتا۔ ان کے مطابق، “ہمیں دشمن کے فوجی نقصان پر توجہ نہیں بلکہ اپنے اہداف کی کامیابی پر فخر ہے۔”