news
پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق، امریکہ کی ثالثی میں اہم پیشرفت
اسلام آباد/واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر متفق ہوگئے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کی ثالثی میں دونوں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی سے باز رہیں گے اور کشیدگی کو مزید بڑھنے نہیں دیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق، بھارت اور پاکستان کے درمیان وسیع تر مسائل پر غیر جانبدار مقام پر مذاکرات کا عمل شروع ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے لیے خطرناک ہے اور اسے فوری کم کرنا ناگزیر ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سیز فائر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، تاہم خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ اشتعال انگیزی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ سے رابطے میں کشیدگی کم کرنے پر بات چیت ہوئی اور پاکستان نے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے آپریشن “بنیان مرصوص” کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں بھارت کے 10 سے زائد اہم ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ، برنالہ اور ہلوارا کے فضائی اڈوں اور اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو کو نشانہ بنایا۔ ان کارروائیوں نے بھارت کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے بعد سیز فائر پر آمادگی ظاہر کی گئی۔