news

وزیراعظم کی صدر زرداری سے ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص اور قومی سلامتی پر مشاورت

Published

on

اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے صدر کو آپریشن “بنیان مرصوص” کے تحت بھارت کو دیے گئے مؤثر اور فیصلہ کن جواب سے آگاہ کیا۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق، ملاقات میں بھارت کی جاری جارحیت، پاکستان کی جوابی کارروائی، قومی سلامتی کی صورتحال، خطے میں بڑھتی کشیدگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر زرداری نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ناگزیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے، لیکن اپنی سرزمین اور شہریوں کے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا جواب انتہائی تحمل کے باوجود دینا پڑا اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائے گا، اور بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version