news
بھارت کا سپرسونک میزائلوں سے لیس بیڑہ پاکستانی ساحل کے قریب، پاک بحریہ ہائی الرٹ
لندن/کراچی – برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے سپرسونک کروز میزائلوں سے لیس جنگی بحری جہاز پاکستان کے ساحلی علاقوں کے قریب تعینات کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی بحری بیڑہ پاکستان کے ساحل سے 300 سے 400 میل (تقریباً 700 کلومیٹر) کی دوری پر بین الاقوامی پانیوں میں موجود ہے، جس سے ماہرین کو ممکنہ بحری حملے کی تیاری کا شبہ ہے۔
اس صورتحال میں پاک بحریہ نے دفاعی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پاک بحریہ کے جنگی بیڑے سمندری حدود میں مسلسل گشت کر رہے ہیں، جبکہ ترکی کے بحری جنگی جہاز بھی پاکستان کی مدد کو موجود ہیں۔ نیول حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ریئرایڈمرل (ر) فیصل شاہ نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سمندر میں دشمن کو تلاش کر کے تباہ کرنا نیوی کا کام ہے، اور پاک بحریہ دشمن کی موجودگی سے مکمل طور پر باخبر ہے۔ انہوں نے کہا:
“سمندر میں جو پکڑا جاتا ہے، وہ مارا جاتا ہے۔ اگر بھارتی بیڑہ آگے بڑھا تو اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔”
ریئر ایڈمرل کے مطابق بھارت کا بیڑہ اگر اس فاصلے سے میزائل داغے گا تو ان کا ہدف خطا ہونا طے ہے۔ پاکستان کی بحری افواج مکمل پیشہ ورانہ تیاری اور حکمت عملی کے تحت ساحلی سرحدوں کا دفاع کر رہی ہیں۔