news
آپریشن بنیان مرصوص: پاک فوج کا بھارتی جارحیت پر زبردست جواب
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن بنیانٌ مرصوصٌ کا آغاز کر دیا ہے، جس کے دوران بھارت کی اہم فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ہفتے کی علی الصبح آپریشن کا آغاز کیا اور ابتدائی مرحلے میں بھارت کے بیاس میں واقع براہموس میزائل سٹوریج سائٹ، ادھم پور ائیر بیس اور پٹھان کوٹ ائیر فیلڈ کو فتح میزائلوں کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
آپریشن “بنیان مرصوص”، جو قرآن مجید کی سورۃ الصف کی آیت 4 سے ماخوذ ہے، کا مفہوم ’سیسہ پلائی ہوئی دیوار‘ ہے اور اس کا مقصد بھارت کی ان کارروائیوں کا جواب دینا ہے جن میں پاکستانی مساجد، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے صرف دفاعی نہیں بلکہ مؤثر اور ہدف شدہ کارروائیاں کیں، جس کے دوران بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر جی ٹاپ اور اڑی کا سپلائی ڈپو بھی تباہ کر دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں مخصوص دفاعی اہداف کے خلاف ہیں اور مزید حملے جاری رہیں گے۔ اس آپریشن کا مقصد بھارت کو واضح پیغام دینا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت، عوام اور اقدار کے دفاع میں مکمل طور پر پرعزم ہے۔