news
پاک فوج نے مزید 48 بھارتی ڈرونز مار گرائے، کل تعداد 77 ہوگئی
راولپنڈی:
پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے گزشتہ رات سے آج صبح تک مزید 48 اسرائیلی ساختہ ڈرونز مار گرائے، جس کے بعد کل تعداد 77 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ڈرونز کی دراندازی مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہی، جس کے دوران اوکاڑہ کینٹ کے اطراف میں فصلوں میں چار جدید “ہیروپ ڈرونز” کو گرایا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق ایک ڈرون پاکپتن اور دوسرا وہاڑی میں مار گرایا گیا۔ اس کے علاوہ عارف والا کے نواح میں بھی ایک بھارتی ڈرون کو نشانہ بنایا گیا جو آبادی سے کچھ فاصلے پر زمین بوس ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ڈرونز کو ریڈار سسٹم پر مسلسل مانیٹر کیا جا رہا تھا اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی ہر کوشش کو ناکام بنایا۔
مزید بتایا گیا کہ شہری علاقوں میں جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے آپریشنل طریقہ کار کے تحت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈرونز کے گرنے سے بعض علاقوں میں معمولی زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائی دشمن کی دراندازی کے خلاف اس کی مکمل تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔