news
عمران خان کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواست، علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا
اسلام آباد:
سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پیرول پر رہائی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ یہ درخواست خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے وکلاء لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت بھارتی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے، اور موجودہ جنگی حالات میں جیل میں قید عمران خان کی جان کو سنجیدہ خطرات لاحق ہیں۔ درخواست کے مطابق اڈیالہ جیل کو بھی بھارتی ڈرون حملوں کا ممکنہ ہدف تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ عمران خان کی سابقہ وزارتِ عظمیٰ کے دوران مودی سرکار کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جو ان کے لیے اضافی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ طویل قید کے باعث عمران خان کی صحت کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور پرزن رولز کے مطابق ان کی جانب سے کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو درخواست دی گئی تھی لیکن کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات میں طویل قید عمران خان کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اور آئین کے مطابق پیرول پر رہائی ایک جائز حل ہے۔
عمران خان کی طرف سے عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ پیرول کی تمام شرائط پر عمل کریں گے۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات سے روک دیا گیا تھا جس پر ان کی پنجاب پولیس سے تلخ کلامی ہوئی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب کوئی حکومتی وزیر خیبرپختونخوا میں داخل ہوکر دکھائے۔